ریلوے میں مافیا کا خاتمہ کر کے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے گا،وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا سر سید ایکسپریس کی نجی شعبہ کو حوالگی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

66

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے میں مافیا کا خاتمہ کر کے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے گا،ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ختم کروا کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لیزپر دی جائیں گی، ریلوے خسارہ سے نکل کرمنافع بخش ادارہ بن کر سامنے آئے گا،

ریلوے میں کرپشن کرنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، وزیراعظم عمران خان ازبکستان کا دورہ کرنے جارہے ہیں اورایم ایل ون کے بعد دوسرا فیز شروع ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جمعہ کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن میں سر سید ایکسپریس نجی شعبہ کی حوالگی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے جبکہ مافیا نے 65 ہزار لوگوں کو مفلوج کر دیا ہے،

مافیا ہر دفتر کے اندر ہیں،5 سے 10 فیصد کمیشن لیتے تھے،ریلوے کے لوگوں کی عزت میں اضافہ کرنا ہے تو مافیا کو توڑنا ہوگا اور پچھلے6 ماہ سے میں کوشش میں لگا ہوا ہوں اور یہاں تک کہ مافیا کے ہاتھ میں پارکنگ کا سارانظام بھی ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ 20 سے 25 دنوں میں تمام لوگوں کی شناخت ہو گی جوگھروں میں بیٹھ کر تنخواہ لیتے ہیں اورایک لاکھ 32 ہزار افراد پیشنر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے کی کوئی زمین میری موجودگی میں فروخت نہیں کی گئی،ریلوے کی زمین پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ریلوے کی زمین مافیا سے وارگزار کروانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،

ریلوے میں پاکستان کی عوام اور پاکستان حکومت کا فائدہ ہے،عوام کو بہتر سہولیات دیں گے، ریلوے خسارہ سے نکل کرمنافع بخش ادارہ بن کر سامنے آئے گا اور ایک ٹرین بھی ریلوے افسران کو نہیں چلانے دوں گا سب پرائیوٹ کروں گا کیونکہ پیسنجر ٹرین چلانا پرائیوٹ لوگوں کا کام ہے پاکستان ریلوے کے افسران کی یہ استعداد ہی نہیں کہ اچھی سروس دے سکیں۔