اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے ملکی ریلوے کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر معاملے میں شفاف اور واضح موقف رکھتے ہیں اور ہمیشہ حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں۔آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خاص طور پر ریلوے سیکٹر میں سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ریلوے کی ترقی اور کامیابی میں تمام متعلقہ فریقین کا تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پورٹ سے تین سو فریٹ کے کنٹینرز نکلتے ہیں، مگر چیمبرز آف کامرس تک صرف 150 کنٹینرز پہنچ پاتے تھے، جسے حکومت نے محنت اور منصوبہ بندی سے 60 دنوں میں حل کیا ہے تاکہ تجارتی سرگرمیاں زیادہ موثر اور تیز تر ہوں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر سرمایہ کار یا مینوفیکچررز کو کام کرنے میں سہولت نہیں دی گئی تو ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی، اس لیے ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے تاکہ معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ ہونے والے معاہدے ایک مہینے میں مکمل ہوجاتے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ ایسے معاہدوں کی تکمیل میں برسوں لگ جاتے ہیں۔ انہوں نے سفیر کو یقین دہانی کروائی کہ ریلوے کے ساتھ تعاون کے لیے وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ سکیں۔
حنیف عباسی نے فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی فوج سے مایوس نہیں ہوئے۔ انہوں نے لیبیا اور عراق کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں کے لوگ کس طرح جنگ و جدل کی وجہ سے کیمپوں میں دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں اور اس سے سبق حاصل کرنا ہوگا کہ ملک میں استحکام اور امن برقرار رکھنا کتنا ضروری ہے۔انہوں نے معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود اب 11 فیصد پر آچکی ہے اور مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے، جو ملک کی اقتصادی بہتری کا باعث ہے۔ انہوں نے پاور پلانٹس کے خلاف اپنی آواز اٹھانے کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ پلانٹس پاکستان سے اربوں روپے کما رہے ہیں جبکہ عوام کو مناسب ریلیف نہیں دیا جا رہا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت نے ہمارے کئی معصوم بچوں کو شہید کیا ہے جس کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ہم نے ان کے عسکری اثاثے تباہ کر دیئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم نے کبھی بے گناہ بچوں کو نشانہ نہیں بنایا۔انہوں نے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے کیرج فیکٹری میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی جدید کوچز موجود ہیں، جن کی تیاری میں چینی ماہرین بھی تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پنجاب حکومت ریلوے کے شعبے میں 500 ارب روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہے جس سے نہ صرف ریلوے کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی ترقی اور ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے تمام شعبہ جات کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600402