لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کے تمام پراجیکٹس مقررہ مدت کے اندرمکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ وہ جمعہ کو یہاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ریلوے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔
وزیر ریلوے نے افسران کو ہدایت کی کہ آئندہ کوئی بھی پراجیکٹ 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 سال کے لئے تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈالرز کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے کے ترقیاتی پراجیکٹس کی کاسٹ بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ سٹیل شاپ میں فرنس آرک مشینری کی تنصیب31 جنوری 2023 تک ہر حالت میں مکمل کی جائے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہاکہ لوکو موٹیو اورکوچز کی مرمت اور بحالی کے پراجیکٹس کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ سسٹم میں اضافی رولنگ سٹاک دستیاب ہو سکے۔سگنلنگ کے پراجیکٹس کو جلد مکمل کرکے سسٹم میں بہتری لانے کے لئے کوششیں کی جائیں۔انہوں نے ریلوے افسران کو ہدایت کی کہ پراجیکٹس اور ٹی ایل اے پر کام کرنے والے ملازمین کو بھرتی کے وقت اضافی نمبر اور عمر کی بالائی حد میں رعایت کے حوالے سے پالیسی تیار کی جائے ۔