24.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا پی ڈی ایم اے صوبائی کنٹرول...

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا پی ڈی ایم اے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ، دریائوں میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا

- Advertisement -

لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے پیر کے روز پی ڈی ایم اے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور دریائوں میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ریلیف کمشنر پنجاب کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب میں سیلابی ریلا تریموں ہیڈ کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں پانی کا بہائو 4 لاکھ 79 ہزار کیوسک ہے ، آج شام تک تریموں ہیڈ میں پانی کا بہائو 7 لاکھ کیوسک تک پانی پہنچے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں ،پی ڈی ایم اے پنجاب دریائوں کی صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کر رہی ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے ، وہاں پانی کا بہائو 1 لاکھ 68 ہزار کیوسک ہے،دریائے ستلج میں پانی کا بہائو 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 2 سے 3 ستمبر کے دوران تقریبا 10 لاکھ کیوسک پانی ہیڈ پنجند پر پہنچے گا۔ ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کہا کہ صوبے بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے ،فلڈ ریلیف کیمپس میں کھانا و بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ،متاثرہ علاقوں میں 506 فلڈ ریلیف کیمپس اور 352 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں ۔

- Advertisement -

ریلیف کمشنر نے کہا کہ کلینک آن ویلز بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ،17 ہزار سے زائد شہریوں کو اب تک علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 5 لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے،متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کےلئے چارہ اور ونڈا فراہم کیا جا رہا ہے ،مویشیوں کےلئے بھی 331 ویٹرنری کیمپس قائم ہیں ۔

ریلیف کمشنر نے کہا کہ سیلاب کے باعث 33 شہری جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ، متاثرین کی مکمل بحالی تک ریسکیو و ریلیف اقدامات جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں اورکسانوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں