رینالہ خورد ،اوکاڑہ یونیورسٹی کے دوسرے پروقار کانووکیشن کی تقریب میں گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کامیاب طلبہ کو ڈگریاں دیں

103

رینالہ خورد۔ 06 مئی (اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن کی شاندار اور پروقار تقریب میں 10654 طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو گولڈ میڈلز بھی دیے گئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان تھے جنہوں نے طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور ان کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین بھی موجود تھے جنہوں نے گورنر پنجاب کے ہمراہ پوزیشن ہولڈرز طلباء کو گولڈ میڈلز پہنائے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی ایک نیا تعلیمی ادارہ ہونے کے باوجود تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ چانسلر آفس اوکاڑہ یونیورسٹی اور وائس چانسلر کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اپنی محنت جاری رکھیں تاکہ امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکےانہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "پاکستان کی یوتھ بہت باصلاحیت ہے۔ آج کا دن طلباء کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کے نام ہے جنہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم دلوائی گورنر پنجاب نے اس موقع پر کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، "تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار کی تعمیر بھی نہایت ضروری ہے۔ آپ اپنی محنت اور بلند کردار سے پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کریں گے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ دن ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اور اساتذہ کی انتھک محنت کی بدولت آج یونیورسٹی کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے اور ہم اعلیٰ تعلیم کے میدان میں نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ اخلاقیات، تحقیق اور قومی خدمت کے جذبے سے بھی لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تقریب میں سیاسی و سماجی رہنماؤں میاں علی حسن (سابق ایم این اے)، سجاد الحسن (سابق ایم این اے)، رائے غلام مجتبیٰ، رانا عبد الرحمن ایڈووکیٹ، شبیر حسین جعفری، سلیمان غنی اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔