رینجرزاورپولیس کی مشترکہ کارروائی،7ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

469
Rawalpindi Police
Rawalpindi Police

کراچی۔ 24 ستمبر (اے پی پی):پاکستان رینجرز(سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اندرون سندھ کے علاقوں گاؤں گل محمد جامرو گوٹھ اور ٹل کوٹ ڈیجی ضلع خیر پور میں جرائم پیشہ گینگز لالو جامرو، لالن جان اور قدیر جمرو کے7ملزمان شہبان، جمشید علی، بھانو، نذیر احمد، خان محمد، امجداور عبدالغفار کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3ایس ایم جی،7میگزین ایس ایم جی،2عدد 30بور پستول، ایک چاقو، 2موبائل فون، 8موٹرسائیکل، منشیات، 20ہزار560روپے نقداور64عددمختلف ہتھیاروں کے رائونڈ بھی برآمد کر لیے گئے۔

گرفتار ملزمان کچے کے ڈاکوئوں کو سہولت فراہم کررہے تھے۔گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ،ایمونیشن اورمسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکوئوں کو پناہ دینے والے پتھاریدار اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں۔

سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔