رینجرزسندھ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 4مبینہ ملزمان گرفتار

100
arrested
arrested

کراچی۔ 31 مارچ (اے پی پی):پاکستان رینجرز(سندھ) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متعدد وارداتوں میں ملوث 4 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فونز، موٹرسائیکل اورنقدی برآمد کر لی گئی۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے گذشتہ شب جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز(سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے مجاہد کالونی مومن آباد سے دوران اسنیپ چیکنگ ڈکیتی اورراہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4ملزمان محمد اسامہ عرف موسیٰ عرف طوطی، محمد نعمان، بسم اللہ اور سید جنید شاہ کو گرفتارلیا۔ملزمان کے قبضے سے 8 عدد چوری شدہ موبائل فونز،ایک عددموٹرسائیکل اورنقدی برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ میٹروول، سائٹ انڈسٹریل ایریا، ناظم آباد، گلزار ہجری اور گردونواح کے علاقوں میں ڈکیتی اورچھینا جھپٹی کی متعدد وارداتوں میں 20سے زائد موبائل فونز اور مبلغ ایک لاکھ سے زائد کی رقم لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزمان کومسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز (سندھ)نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔