سکھر۔ 13 جون (اے پی پی):شہباز رینجرز سکھر کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر وسیم اختر اور ونگ کمانڈر لیفٹننٹ کرنل محمد عمر خان سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کی دعوت پر چیمبر کا دورہ کیا ۔ ان کی آمد پر سکھر چیمبر کے قائمقام صدر گرداس وادھوانی ، نائب صدر محمد کامل فاروقی و دیگر تاجر رہنماؤں نے رینجر افسران کا استقبال کیا ۔ ونگ کمانڈر محمد عمر خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچے میں متعدد آپریشنز میں 191 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے ، 200 سے زائد ملزمان کو حراست میں لیا ہے جبکہ 16 سے زائد اشتہاریوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ سکھر- ملتان موٹروے کے ہر انٹرچینج پر 20 رینجرز اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں ۔
تاجر برادری نے ونگ کمانڈر لیفٹننٹ کرنل محمد عمر خان کو ہیلپ لائن قائم کرنے اور سکھر و خیرپور پر مستقل سنیپ چیکنگ کی تجویز دی جس پر ونگ کمانڈر نے آگاہ کیاکہ 52 موبائلز نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر مسلسل گشت کرتی رہتی ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ سوشل میڈیا پر اکثر خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہوتی ہیں جسکے غلط اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ چیمبر رہنما گرداس وادھوانی نے اپنے استقبالیہ میں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سکھر میں رینجرز اسپتال ، رینجرز سکول اور فلٹریشن پلانٹ موجود ہیں جن کو ہم سراہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سکھر چیمبر پاک فوج اور اس سے جڑے تمام اداروں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انکی کوششوں میں شانہ بشانہ انکے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے سکھر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر رینجرز اہلکاروں کو تعینات کر کے مستقل چیکنگ ، شہر کے مختلف علاقوں میں گشت ، شرپسند عناصرکی جانب سے بھتے و دھمکیاں دیئے جانے کی صورت میں رینجرز سے رابطہ کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کی تجاویز پیش کیں جس پر بریگیڈیئر وسیم اختر نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے موقع پر ہی احکامات جاری کیئے ۔ بعدازاں پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کے شہداء کیلئے دعا بھی کی گئی۔