کراچی۔ 06 جون (اے پی پی):پاکستان رینجرز (سندھ) اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نیوکراچی سے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر، بھتہ خور، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم محمد دانش عرف کالا عرف لاڑا کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ملزم کی موجودگی پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ 2013میں نیو کراچی کے علاقے نالہ سٹاپ پر سیاسی جماعت کے ورکر کو قتل کرنے اور اکتوبر 2023میں حیدر آباد کے علاقے پرنس علی روڈ پر محمد حنیف کو قتل کرنے میں ملوث ہے۔ملزم نے یکم مارچ 2022کو اپنے ساتھی اجمل کے ساتھ مل کر اپنے مخالف بھتہ خور سلمان نامی شخص کو نیو کراچی سرجانی ٹاؤن سے اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیاتھا۔ملزم نے مزید انکشاف کیا ہے کہ وہ کراچی اور اسلام آباد میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
گرفتار ملزم نیو کراچی کے علاقے میں کاروباری لوگوں کواسلحہ کے زور پر ڈرادھمکا کر بھتہ وصول کرنے میں بھی ملوث رہا ہے اور بدنام زمانہ بھتہ خور عبدالصمد سے بھی رابطے میں تھا۔ملزم اس سے پہلے متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے اور ملزم مختلف کیسز میں کراچی اور حیدرآباد پولیس کو مطلوب تھا۔گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔