حیدرآباد۔ 29 جنوری (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے کہا ہے کہ ریونیو رکارڈ کو بہتر طریقے سے رکھا جائے جبکہ کام سے آنے والے شہریوں کے جائز مسائل سن کر فوری حل کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور مختیار کار آفس قاضی احمد کا دورہ کرکے رکارڈ روم کا جائزہ لیتےہوئے کیا۔
بعد ازاں کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول قاضی احمد کا دورہ کرکے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ندیم احمد ابڑو نے اسکول انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کے کلاس رومز میں روشنی کا بندوست کیا جائے جبکہ اسکول کے پارک کو فعال بنایا جائے۔ بعد ازاں کمشنر نے تعلقہ ہسپتال قاضی احمد کا دورہ کرکے ہسپتال میں مریضوں کو ملنے والی صحت کی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف رضا بروہی نے مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات کے متعلق کمشنر کو آگاہی دی بعد ازاں کمشنر نے گورنمنٹ مڈل سکول میر محمد جونو کا دورہ کیا ۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکول میں فرنیچر کی کمی کے متعلق کمشنر کو آگاہی دی گئی جس پر کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اسکول میں فرنیچر کی فراہمی کے لئے محکمہ تعلیم کے افسران کو خط لکھا جائے۔ کمشنر نے اسکول انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کے پارک کو بہتر بنایا جائے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد چودہری ارسلان، مختیار کار شاہ مراد تنیو بھی موجود تھے۔