ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے زیر اہتمام ریڈیو پوٹھوہار میلہ 4 جولائی کو منعقد ہو گا

181

راولپنڈی۔1جولائی (اے پی پی):ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے زیر اہتمام ریڈیو پوٹھوہار میلہ 4 جولائی بروز جمعرات کو منعقد ہو گا ۔ میلے کے مہمان خصوصی معروف دانشور اور ادیب سینیٹر عرفان صدیقی ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ بھی اس پروگرام میں خصوصی شرکت کریں گے، ریڈیو پاکستان راولپنڈی خطہ پوٹھوہار کی تہذیبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ہر شعبہ زندگی کے ماہرین خصوصاً علم و ادب، علوم و فنون ، سٹیج و ڈرامہ کے فنکاروں اور گلوکاروں کو اپنا پلیٹ فارم مہیا کرتا رہا ہے ، ریڈیو میلے کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے، میلے میں پوٹھوہاری ثقافت کے اہم خدوخال نمایاں کیے جائیں گے،

اس میلے کے دلچسپ پروگراموں میں موسیقی اور علاقائی ڈانس، مقامی فنون کی نمائش ، ڈرامائی فیچرز اور خاکے، روایتی دستکاریاں و ملبوسات، فوڈ فیسٹیول ، قصہ گوئی، کلام شاعر بزبان شاعر اور دستاویزی پروگرام شامل ہیں، اس میلے میں پوٹھوہار کے علاقائی فنکار، موسیقار اور گلو کار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ راولپنڈی اور پوٹھوہار بھر سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے مہمان اس میلے میں شرکت کریں گے۔ اسٹیشن ڈائریکٹر مسرت شاہ رخ کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس میلے کو شاہد ملک اور مہوش راجہ پروڈیوس کریں گے ۔