اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):ریڈیو پاکستان نے عوام کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرتے ہوئے اپنا مقبول سپورٹس فیچر کرکٹ میچوں کا رواں تبصرہ ایک بار پھر شروع کر دیا ہے، یہ عوامی پروگرام اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی عالمی کپ2022 کے میچ پر براہ راست رواں تبصرے سے شروع کیا گیا ہے۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ریڈیو پاکستان کے تمام میڈیم ویو چینلز اور اس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کئے گئے رواں تبصرے کو بڑے پیمانے پر لوگوں نے سراہا۔
ریڈیو پاکستان نے میڈیم ویو کے مضبوط ٹرانسمیٹرز کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے نہ صرف ملک کے طول و عرض میں بلکہ ملک سے باہر بھی لوگوں تک رسائی بڑھائی ہے۔اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان اپنے متحرک سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں معلومات پہنچا رہا ہے جس کے ٹویٹر پر تقریباً دس لاکھ اور فیس بک پر26 لاکھ فالوورز ہیں ۔
کرکٹ میچوں پر رواں تبصرہ نشر کرنے کا فیصلہ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے جو قومی نشریاتی ادارے کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی بھر پور کوششیں کر رہی ہیں۔ریڈیو پاکستان کی نئی قیادت کے وژن میں ریاستی نشریاتی ادارے کو ڈیجیٹلائزیشن کے جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہے۔ اس میں ریاستی نشریاتی ادارے کو براڈکاسٹنگ ٹیکنالوجی پارک میں تبدیل کرنا بھی شامل ہے۔