ریڈیو پختونخوا نیٹ ورک کی نگراں وزیراعلی کی وفات پر خصوصی نشریات ، سوگ کا اعلان،سیکرٹری اطلاعات و دیگر کا اظہار تعزیت

133
ریڈیو پختونخوا نیٹ ورک کی نگراں وزیراعلی کی وفات پر خصوصی نشریات ، سوگ کا اعلان،سیکرٹری اطلاعات و دیگر کا اظہار تعزیت

پشاور۔ 11 نومبر (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا سید عبدالجبار شاہ اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد عمران کی ہدایت پر ڈائریکٹریٹ جنرل انفارمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی ناگہانی موت پر تین روزکے لیے ہنگامی اقدامات کئے ہیں جبکہ پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک پر خصوصی نشریات پیش کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ ریڈیو پختونخوا ایف ایم 92.2 پشاور سنٹر نے خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی وفات اور صوبائی حکومت کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان سب سے پہلے بریک کیا۔ اس کے ساتھ ہی معمول کی نشریات معطل کرکے نعتیہ کلام کا آغاز کیا جبکہ سینئر صحافیوں اور وزیراعلیٰ سے وابستہ شخصیات کو انکی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے لیے سٹوڈیو میں مدعو کرنے اور محمد اعظم خان کی زندگی اور کارہائے نمایاں پر خصوصی فیچرز کا سلسلہ شروع کیا۔ اسی طرح نیوز بلیٹن اور دیگر پروگراموں میں بیک گراؤنڈ میوزک بھی فوری روک دیا گیا۔

یہ خصوصی نشریات رات دیر گئے تک جاری رہیں۔ درایں اثناء خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ سید عبدالجبار شاہ، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محمد عمران اور سٹیشن ڈائریکٹر پختونخوا ریڈیو غلام حسین غازی نے نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کے ناگہانی انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں وزیراعلیٰ کے سوگوار خاندان کے تمام افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔