ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 2 فیصد کی نمو ریکارڈ

188
Exports of cotton garments
Exports of cotton garments

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کاحجم 3.564 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 2 فیصد زیادہ ہے ۔ مالی سا ل2023 میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے ملک کو 3.492 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ جون 2024 میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کا حجم 325 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سا ل جون کے مقابلہ میں 2 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال جون میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے ملک کو 320 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی کمی ہوئی ۔ مئی میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کا حجم 351 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو جون میں کم ہو کر 325 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سا ل کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات کا حجم 16.65 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو مالی سال 2023 کے 16.50 ارب ڈالر کے مقابلہ میں ایک فیصد زیادہ ہے۔