ریڈ پاکستان کے زیر اہتمام پبلک ڈپلومیسی اقدام کے تحت نیشنل ریڈرز کانفرنس 2025 کا انعقاد

81
ریڈ پاکستان کے زیر اہتمام پبلک ڈپلومیسی اقدام کے تحت نیشنل ریڈرز کانفرنس 2025 کا انعقاد

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):پبلک ڈپلومیسی اقدام کے تحت سرینا ہوٹلز کے تعاون سے ریڈ پاکستان نے ہفتہ کے روز نیشنل ریڈرز کانفرنس (این آر سی) 2025 کا انعقاد کیا جس نے قارئین، مصنفین، اساتذہ اور دانشوروں کی ایک متحرک کمیونٹی کو ملک میں پڑھنے کی ثقافت کا جشن منانے اور فروغ دینے کے لئے اکٹھا کیا۔

جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ این آر سی2025 نے ترقی پسند معاشرے کی تشکیل میں خواندگی اور تعلیم کی اہمیت پر تبادلہ خیال کے لئے متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔معزز مقررین میں پرتگال کے سفارت خانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محترمہ الیگزینڈرا بپٹسٹا، بیلجیم کے سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری گلیز ہاچیز ، سول سروسز اکیڈمی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ ، قومی انعام یافتہ مصنف ڈاکٹر رخشندہ پروین اور ڈاکٹر صادق اللہ خان ، ڈیوکام کے سی ای او منیر احمد شامل تھے۔

پینل میں محترمہ صدف رضا (ریکی ماسٹر)، فیصل ملک ایڈٹیک ایکسپرٹ ، محترمہ صنوبر نذیر مصنفہ اور کارکن اور آر او این جی اسکول آف میوزک اینڈ آرٹس کی پرنسپل مایہ صوفیہ حمیدی شامل تھیں، جنہوں نے ادب، تعلیم اور تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں کتابوں کے کردار سے متعلق مختلف موضوعات پر سامعین سے خطاب کیا۔

کانفرنس کی ایک خاص بات مقررین کی طرف سے کی جانے والی کلیدی تقریر تھی ، جنہوں نے سامعین کو مخصوص موضوعات پر اپنی بصیرت سے متاثر کیا۔ تقریب میں دلچسپ پینل مباحثے، کتابوں کی رونمائی اور انٹرایکٹو سیشنز بھی پیش کئے گئے جس نے شرکا کو ہم خیال افراد سے رابطہ قائم کرنے اور خیالات کا تبادلہ کرنے کے منفرد مواقع فراہم کئے۔کانفرنس کے ایجنڈے کے ایک حصے کے طور پر ریڈ پاکستان نے نوجوان قارئین اور مصنفین کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دینے کے لئے مختلف مقابلوں کی میزبانی کی۔ ان میں مضمون نگاری، شاعری اور کہانی سنانے کے مقابلے شامل تھے۔

جیتنے والوں کو پرتگال اور بیلجیئم کے سفارت خانے کی جانب سے فراہم کی جانے والی شیلڈز، یادگاری تحائف اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریڈ پاکستان کی سی ای او سیدہ فاطمہ حسن گیلانی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ریڈرز کانفرنس پاکستان میں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہمارے اجتماعی عزم کا ثبوت ہے۔

ہم اپنے شراکت داروں، سپانسرز اور معزز مہمانوں کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔نیشنل ریڈرز کانفرنس 2025 کا اختتام شاندار انداز میں ہوا جس سے شرکا کو اپنی برادریوں میں کتابوں اور علم سے محبت پیدا کرنے میں کردار ادا کرنے کی ترغیب ملی۔ پاکستان خواندگی اور تعلیم کے فروغ کے ذریعے معاشرے کو بااختیار بنانے کے اپنے مشن کے لئے پرعزم ہے۔

سرینا ہوٹلز کو ایسے ایونٹس کی حمایت کرنے پر فخر ہے جو دانشورانہ مشغولیت کی ترغیب دیتے ہیں۔ یہ کانفرنس خواندگی، مکالمے اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے اور سرینا ہوٹلز پاکستان کی تعلیمی ترقی میں کردار ادا کرنے والے اقدامات کی حمایت میں اپنا کردار اداکرنے کے لیے پرعزم ہے۔