کراچی۔12اکتوبر (اے پی پی):ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے اپنے انٹرنیشنل گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے گروپ کے لیے بلوچستان سے اٹھارہ باصلاحیت نوجوان گریجویٹس کے انتخاب کا اعلان کیا ہے۔ مقامی اور قومی ملازمین کی ترقی کے عزم کے تحت آر ڈی ایم سی کے آپریٹر ”بیرک” نے جولائی 2023 میں ریکوڈک پروجیکٹ کے لیے بین الاقوامی گریجویٹ ترقیاتی پروگرام کا آغاز کیاتھا۔
ہفتہ کو ریکوڈک مائننگ کمپنی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بیرک کے سی ای او مارک برسٹو نے کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں انٹرنیشنل گریجویٹ پروگرام 2024 کے گروپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس گروپ کے ریکوڈک انٹرنیشنل گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل ہونے پر بہت پرجوش ہیں۔ اپنے آغاز سے ہی اس پروگرام کا مقصد بلوچستان سے نوجوان باصلاحیت گریجویٹس کو ریکوڈک اور کان کنی کی صنعت میں کامیاب کیریئر کے لیے درکار مہارتوں کے ساتھ آراستہ کرتے ہوئے شریک عمل کرنا ہے۔
انہوں نے منتخب گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ سیکھنے کے لئے ، اشتراک کار کے لئے اور ریکوڈک پروجیکٹ، اپنے صوبے اور ملک کے مستقبل کو تشکیل دینے کے لئے اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں ۔ بیان کے مطابق 2024 پروگرام کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 3,000 سے زیادہ درخواست دہندگان کے مسابقتی پول میں سے اٹھارہ غیر معمولی گریجویٹس کا انتخاب کیا گیاجن میں چار خواتین بھی شامل ہیں، جو کان کنی کے شعبے میں صنفی تنوع کے لیے بیرک کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔ یہ گریجویٹ الیکٹریکل انجینئرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، جیولوجیکل انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، انوائرمینٹل سائنسز، کان کنی انجینئرنگ، اور ارضیات سمیت مختلف شعبوں میں ڈگریوں کے حامل ہیں۔
2023 کے منتخب گریجویٹس کی طرح بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کی یہ دوسری کھیپ ارجنٹینا کے ویلادیرو اور زیمبیا میں لوموانا میں بیرک کی کانوں کی جگہوں پر دو سال کے دوران ملازمت کے دوران تربیتی پروگرام کا آغاز کرے گی۔ یہ ہینڈ آن تجربہ انہیں عملی مہارتوں اور عالمی معیار کی کان کنی کی سرگرمیوں سے آراستہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پروگرام کی تکمیل کے بعد گریجویٹس عام طور پر اپنے آبائی ملک میں بیرک آپریشنز میں واپس آتے ہیں اور اپنی کمیونٹیز میں مثبت تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
منتخب گروپ بلوچستان کے مختلف اضلاع کی نمائندگی کرتا ہے۔جن میں پنجگور، گوادر، کوئٹہ، لورالائی، خضدار، نوشکی، موسی خیل، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور ضلع چاغی شامل ہیں جہاں ریکوڈک واقع ہے۔ پروگرام میں ان کی شرکت سے نہ صرف علاقائی سطح پر مہارتوں کے فرق کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملتا ہے۔