ری پبلک آف کوریاکی طرف سے ریسکیو 1122 کو 2 ایمبولینسز اور فلڈ ریسکیو آپریشن کے آلات دیئے گئے

181
Rescue 1122 Mansehra
Rescue 1122 Mansehra

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):ری پبلک آف کوریا کے سفیر پارک کیجون نے پاکستان میں ایمرجنسی سروسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے دو ایمبولینسز اورفلڈ ریسکیو آپریشن کے آلات سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے حوالے کئے۔

اس سلسلے میں جمعہ کو ڈویژنل ریسکیو ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈویژن محترمہ ثمر احسان، سیکرٹری محترمہ شینا علی، ہیڈ آف آپریشنز ایاز اسلم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ اور ہیڈ کوارٹرز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورین سفیر پارک کیجون نے ہر قسم کی ہنگامی صورتحال بالخصوص 2023 کے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں پاکستان میں فیلڈ میں اور یہاں تک کہ ترکی کے زلزلہ کے دوران تمام ریسکیورز کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جانیں بچانا ایک عظیم پیشہ ہے اور ریسکیو 1122 ہنگامی حالات میں بے سہارا متاثرین کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے یہی وجہ ہے کہ ریسکیو 1122 کو ان آلات کے ساتھ تعاون اور مدد کرنا ہے کیونکہ یہ ہنگامی حالات میں پاکستان کے لوگوں کی مدد کرے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے دو ایمبولینسز اور فلڈریسکیو آپریشن کے آلات کے عطیہ پر کوریا کے سفیر اور جمہوریہ کوریا کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ریسکیو 1122 سروس 2010 سے سیلاب کا انتظام کر رہی ہے اور پنجاب میں حالیہ غیر معمولی سیلاب ایک بڑا چیلنج رہا لیکن ریسکیو سروس کی مربوط ایمرجنسی نظام کی وجہ سے 318,000 سیلاب متاثرین اور ان کے جانوروں کو بروقت نکالا گیا اور کوئی خاص جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان دو لیس ایمبولینسز اور خصوصی فلڈ ریسپانس آلات کے علاوہ جن میں 15 انفلٹیبل ہائپالون بوٹس، 10 ہوائی کشتیاں، 15 کشتیوں کو لے جانے والی ٹرالیاں، 23 او بی ایم 40 ایچ پی اور 100 ویڈر سوٹ شامل ہیں یقینا پنجاب کے سیلاب زدہ اضلاع کے لیے بہترین معاون ثابت ہوں گے۔

ڈاکٹر رضوان نے ریسکیو 1122 کے بارے میں مزید بتایا جو کہ جنوبی ایشیا کے لیے ایک مربوط ایمرجنسی سروسز ماڈل ہے جس میں ایمبولینس سروس، ریسکیو اینڈ فائر سروسز، موٹر بائیک ریسکیو سروس، واٹر ریسکیو، فلڈ ریسپانس ٹیمیں، کیمیکل بائیولوجیکل اور ریڈیالوجیکل ایمرجنسیز اور کمیونٹی ریسپانس کے لیے HAZMAT یونٹس شامل ہیں۔ 2004 کے آغاز سے اب تک ریسکیو 1122 نے پنجاب میں 01کروڑ 44 لاکھ متاثرین کو ریسکیو کیا ہے۔

پاکستان میں ایمرجنسی سروسز کے ریسکیو رز کی تربیت کے لیے لاہور میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی قائم کی گئی ہے جو پاکستان کے تمام صوبوں سے ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کر رہی ہے اور جنوبی ایشیا میں اقوام متحدہ کی پہلی انسراگ سرٹیفائیڈ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی میزبانی کرتا ہے۔