زائرین عبادت میں زیادہ وقت گزاریں، شیخ السدیس کی رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد

129
Sheikh Al Sudis
Sheikh Al Sudis

ریاض ۔12مارچ (اے پی پی):سعود ی عرب کے حرمین شریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے رمضان المبارک کی آمد پر شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی عوام اور تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔اردو نیو ز کے مطابق اپنے پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی ہےکہ اس سال ماہ رمضان صحت وسلامتی کے ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں کےلیے امن اور بہتری لائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے حرمین شریفین، عمرہ و حج زائرین کی خدمت ایک انمول اعزاز ہے۔

شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ رمضان آپریشنل پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے جس کا محور زائرین کی خدمت، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کے تجربات کو بہتر بنانا اور سعودی قیادت کی امنگوں کے مطابق حرمین شریفین میں عبادت کے لیے مناسب روحانی ماحول کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان سیزن کو سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق کامیاب بنانے کےلیے مسجد الحرام و مسجد نبوی میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا جائے، زائرین عبادت میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں ، فوٹو گرافی میں مصروف نہ ہوں اور مطاف وراہداریوں میں اژدہام سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے خواتین کے حوالے سے کہا کہ وہ حجاب کا خصوصی خیال رکھیں اور جو لوگ بچوں کو ساتھ لائیں وہ انہیں حرمین شریفین کے آداب بھی سکھائیں۔شیخ السدیس نے کہاکہ ہمیں اپنی سلامتی اور صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور کوشش کی جائے کہ کسی مسلمان بھائی کو اپنے قول و فعل سے کوئی نقصان نہ پہنچے۔