زائرین کو آسانیاں فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے، فیصل کریم کنڈی

75

پشاور۔ 28 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اربعین اور محرم الحرام کے دوران زائرین کیلئے سہولیات فراہم کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو آسانیاں فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے اور اس حوالے سے حالیہ فیصلے قابلِ تحسین ہیں۔

گورنر نے پاک ایران بارڈر کو اربعین اور محرم کے دوران زائرین کیلئے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے فیصلے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس سے زائرین کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے زائرین کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہاٹ لائن کے قیام کے فیصلے کو بروقت اور عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے مشہد میں پاکستانی زائرین کے امور سے متعلق پاک، ایران اور عراقی وزارت داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے بین الاقوامی سطح پر زائرین کی فلاح کیلئے ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے زائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے اور پروازوں کی تعداد میں اضافے کے فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے زائرین کے سفر کو محفوظ، آسان اور باعزت بنایا جا سکے گا۔واضح رہے کہ ان مشکلات کے حوالے سے چند روز قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی سے خصوصی ملاقات بھی کی تھی۔