اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ زبانیں کسی بھی قوم کے ثقافتی ورثے کی بقاء اور اس کے فروغ کا سب سے موثر آلہ ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود گزشتہ روز اوپن یونیورسٹی میں "ترجمہ بطور سائنس”کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس ورکشاپ میں 12مختلف زبانوں سے وابستہ افراد تراجم کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ورکشاپ کا اہتمام یونیورسٹی کے سینٹر برائے انگلش لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن سٹڈیز نے فورم فار لینگویج انشییٹیوز کے تعاون سے کیا ہے۔فورم فار لینگویج انشییٹیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فخر الدین اخونزادہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صدارت یونیورسٹی کے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ زبانیں کسی بھی قوم کے ثقافتی ورثے کی بقاء اور اس کے فروغ کا سب سے موثر آلہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زبانوں کی اہمیت کو سمجھے بغیر انہیں زندہ رکھنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوسکتی ۔ ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ زبانوں کے فروغ کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سینٹر برائے انگلش لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن سٹڈیز قائم کیا ہے جس کی خدمات قابل ستائش ہیں۔دیگر مقررین نے پاکستانی روایات اور تہذیب و ثقافت کو پروان چڑھانے کے لئے زبانوں کے تراجم سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس حوالے سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور فورم فار لینگویج انیشیٹیوز کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
مقررین نے کہا کہ تہذیبوں کے عروج و زوال میں ترجمہ مرکزی کردار ادا کررہا ہے اور ترجمے کے ذریعے ایک قوم دوسری قوم کے علم و ادب کے ذخیرہ سے آشنا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترجمہ نہ صرف زبان کی سطح پر ہی انسانی علوم میں اضافہ کرتا ہے بلکہ یہ عمل ذہنی کشادگی میں بھی اضافے کا ذریعہ ہے، اس لئے ہمیں علوم کے فروغ کے لئے زبانوں کے تراجم کی مہارتیں حاصل کرنی ہوگی۔سینٹر برائے انگلش لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی نے میزبانی جبکہ لبنی عمر نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔
تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، رجسٹرار راجہ عمر یونس سمیت تمام پرنسپل افسران اور فیکلٹی ممبران شریک تھے۔ڈاکٹر غلام علی نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصدبیان کرتے ہوئے زبانوں کے فروغ کے حوالے سے شعبہ ٹرانسلیشن سٹڈیز کی خدمات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے لئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔