زبان کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے، حکومت اردوکو دفتری زبان بنانے کیلئے سنجیدہ کوشش کرے گی، انجنیئر امیر مقام کی ادارۂ فروغِ قومی زبان کے دورہ پر گفتگو

166

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی ،عوامی امور و قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن انجینئر امیر مقام نے بدھ کو ادارۂ فروغِ قومی زبان کا دورہ کیا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری فارینہ مظہر اور ڈویژن کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے انھیں ادارے کے زیر اہتمام حال ہی میں قائم ہونے والے منصوبےنیشنل لینگویج پروسیسنگ لیبارٹری اور موبائل ایپس اورنفاذِ اردو سے متعلق دیگر علمی شعبہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات سےآگاہ کیا۔وزیر اعظم کے مشیر نے موبائل ایپس پر آن لائن قومی انگریزی اردو لغت قانونی انگریزی اردو لغت،ادارے کا ترجمان اخبار ماہنامہ اخبارِ اردو،مجلہ علم و فن اور دیگر اہم کتب کی دستیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔

امیر مقام نے کہا کہ حکومت نفاذ ِ اردو کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں اردوکو دفتری زبان بنانے کیلئے سنجیدہ کوشش کرے گی۔انہوں نے ادارے کے کتب خانے ، کتاب گھر،اخبار اردو اور شعبہ خطاطی کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے نفاذ اردو کے حوالے سے ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مجھے کوئی بھی قومی زبان میں بات کرتے ہوئے اچھا لگتا ہے، زبان کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے۔انہوں نےادارے کے لیب منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی اس سلسلے میں درپیش مسائل کو فوری حل کرکے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نے ادارے کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وزیراعظم کے مشیر نے ادارے کے سبزہ زار میں یادگاری پودا بھی لگایا۔