لاہور۔2فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 26 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کر دی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل عتیق احمد کو طبی اخراجات کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے،
زخمی کانسٹیبل نعیم مقبول کو طبی اخراجات کیلئے 05 لاکھ روپے جاری کئے ۔زخمی کانسٹیبل عامر شہزاد کو طبی اخراجات کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل علی احمد کو طبی اخراجات کیلئے ڈھائی لاکھ روپے دئیے گئے، زخمی کانسٹیبل احمد خان، کانسٹیبل صبغت اللہ کو طبی اخراجات کیلئے 2 لاکھ روپے فی کس دیئے گئے، افسران و اہلکار فرض کی راہ میں مختلف واقعات کے دوران زخمی ہوئے تھے، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر عمران ارشاد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجرا کی منظوری دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے، ہر ممکن تعاون جاری رہے گا،سپروائزری افسران غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔