ملتان۔ 13 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑنے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کاوژن نوجوان نسل کومضبوط بناناہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یوتھ لیپ ٹاپ سکیم اوریوتھ بزنس اینڈایگری لون سکیم نوجوان نسل کو اپنے پائوں پرکھڑاکرنے کے وژن کامنہ بولتاثبوت ہے ،وزیراعظم ڈیجیٹل پاکستان کے خوا ب کوشرمندہ تعبیرکرناچاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کویہاں بہاءالدین زکریایونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپس کی تقسیم اوروزیراعظم یوتھ بزنس اینڈایگری لون سکیم کے تحت قرضوں کے چیک تقسیم کرنے سے متعلق منعقدہ تقریب میں کیا۔
عطا تارڑنے کہاکہ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ اورقرضہ جات دیئے جارہے ہیں ،میرٹ وہ اثاثہ ہے جس سے قومیں بنتی ہیں جوقومیں میرٹ سے ہٹ کر کرپشن ،سفارش اوراقرباپروری پرچلتی ہیں وہ کبھی ترقی نہیں کرتی ،ہمیں ملک سے کرپشن ،سفارش اوراقرباپروری کے کلچرکوختم کرکے آگے بڑھناہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ، زراعت پاکستان کی تقدیربدل سکتی ہے ،پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ،وزیراعظم شہباز شریف زراعت سمیت دیگرشعبوں کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں ،انشاءاللہ پاکستان اپنے پائوں پرکھڑاہوگااورغربت کاخاتمہ ہوگا ۔
عطاتارڑنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت غربت اوربے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہرممکن کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 68فیصدآبادی نوجوانوں کی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کاوژن نوجوان نسل کومضبوط بناناہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یوتھ لیپ ٹاپ سکیم اوروزیراعظم یوتھ بزنس اینڈایگری لون سکیم نوجوان نسل کو اپنے پائوں پرکھڑاکرنے کے ویژن کامنہ بولتاثبوت ہے ،وزیراعظم ڈیجیٹل پاکستان کے خوا ب کوشرمندہ تعبیرکرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ ماہ میں یوتھ بزنس اینڈایگری لون کے ذریعے 30ارب روپے کے بلاسود قرض دیئے گئے ہیں ،رواں مالی سال کے دوران 80ارب روپے کے مزید قرضے بھی دیئے جائیں گے۔
عطا تارڑ نے کہاکہ نوجوان نسل کے حق کومدنظررکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ لیپ ٹاپ سکیم دینے کافیصلہ کیا ، میرٹ پرپورااترنے والے ایک لاکھ طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں ،جواگست کے پہلے ہفتے تک تقسیم کرلئے جائیں گے ،دنیا میں ایسی کسی سکیم کی مثال نہیں ملتی ،آئندہ سال کے بجٹ میں بھی ایک لاکھ لیپ ٹاپ سکیم کے لئے رقم رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی نوجوان نسل میں بہت ٹیلنٹ موجودہے، اس ملک کو نوجوان نسل نے ہی آگے لے کرچلناہے،وزیراعظم شہبازشریف کاویژن اس ملک کے نوجوانوں کو خودمختار بناناہے ،وزیراعظم کی سربراہی میں موجودہ حکومت تعلیم سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لئے دن رات محنت کررہی ہے ،ملک میں ترقی صرف اورصرف نوجوانوں پرخرچ کرکے ہی حاصل کی جاسکتی ہے ،پاکستان کے مستقبل کے لئے سب کر مل کرکام کرناہوگا۔
اس موقع پروزیراعظم کی معاون خصوصی برائے یوتھ پروگرام شیزہ فاطمہ نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم اورراربوں روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے منصوبے کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں ،ان سکیموں سے نوجوان نسل کواپنے پیروں پرکھڑاہونے میں بھرپور مدد ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ قومی ترقی وخوشحالی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے ،یوتھ پرسرمایہ کاری سے بڑھ کرکچھ نہیں، نوجوان قوم کامستقبل ہیں ،طلبہ میں مزید لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے جائیں گے ،نوجوانوں کی محنت سے اس ملک کو ترقی کی راہ پرگامز ن کریں گے ۔
قبل ازیں تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف نے طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ جبکہ پرائم منسٹریوتھ بزنس اینڈ ایگرلون کے تحت قرضہ جات کے چیک تقسیم کئے۔اس موقع پرنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ،گورنرپنجاب بلیغ الرحمن ،وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب ،وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو ، موجودہ وسابقہ اراکین پارلیمنٹ کی کثیر تعدادسمیت مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ز،اساتذہ ودیگربھی موجودتھے ۔تقریب کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ ،پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ۔