زراعت کو اپنائے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، وزیر زراعت و لائیو سٹاک

291
Agriculture

باغ۔ 14 فروری (اے پی پی):آزاد حکومت کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ زراعت کو اپنائے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، زرعی زمینوں سمیت زراعت کے فروغ کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں جس میں زرعی زمین پر تعمیرات پر پابندی ہو گی، سبزی، فروٹ، مرغ، گندم سمیت ہر چیز ہم اپنی پیدا کر سکتے ہیں جس کے لیے ہمیں اپنے آباو اجداد کے طریقوں کے مطابق اپنی زمینیں آباد کرنا ہونگی، عوام شجر کاری کریں محکمہ ہر ممکن تعاون کرے گا فروٹس کی فروخت کر کے زمیندار اپنا روز گار کما سکتے ہیں لیکن محنت اور لگن اس کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام شجر کار ی مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سردار محمد آصف خان، ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن سید افراز گردیزی، ڈسٹرکٹ کونسلر ز، ممبران میونسپل کارپوریشن، محکمہ زراعت کے آفیسران و اہلکاران، محکمہ لائیو سٹاک کے آفیسر ڈاکٹر شبیر شیخ و اہلکاران کے علاوہ زمینداروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شجر کاری مہم کا افتتاح وزیر زراعت نے پودہ لگا کر کیا۔

افتتاح کے بعد محکمہ زراعت کے آفیسران نے وزیر وزیر کو بریفنگ دی جس میں گزشتہ سال کی کارکردگی اور موجود ہ سال کی پلاننگ کے بارے میں بتایا گیا، جس پر وزیر زراعت سردار میر اکبر خان اور دیگر کونسلر سمیت زمینداروں نے ان سے سوالات بھی کیے جنکا جواب دیا گیا اور موقع پر ہی زمینداروں نے اپنی شکایات بھی وزیر زراعت کے سامنے رکھیں جن پر وزیر زراعت نے موقع پر ہی احکامات بھی جاری کیے۔

اس موقع پر وزیر زراعت سردار میر اکبر خان کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ کروڑوں روپے کی سبزی، فروٹ باغ میں باہر سے آ رہا ہے اگر ہم لوگ اپنی زمینوں کو آباد کریں تو کروڑوں روپے باغ سے ہی کمائے جا سکتے ہیں جس کے لیے کسی بڑی کوشش کی بھی ضرورت نہیں صرف اپنی زمینیں آباد کرنی ہیں جیسے ہمارے اجداد کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ مرغ، سبزی فروٹ جو ناقص ہوتا ہے وہ یہاں پر لا کر کروڑوں روپے کمائے جاتے ہیں جبکہ اگر ہمارے زمیندار محنت کریں تو حفظان صحت کے اوصولوں کے عین مطابق اشیاء یہاں پر پیدا ہو سکتی ہیں،

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک بہترین کام کر رہے ہیں زراعت آفیسران و اہلکاران سموار میٹنگز کے ذریعے عوام میں جا کر آگاہی دے رہے ہیں عوام کی طرف سے رسپانس مثبت آ رہا ہے انشاء اللہ جلد زراعت میں ترقی دیکھنے کو ملے گی، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کے آفیسران و اہلکاران کی کارکردگی دیکھیں اور جہاں پر کوئی کام نہیں کر رہا مجھے ڈائریکٹ بتائیں تاکہ اسکے خلاف کاروائی ہو سکے،

انہوں نے کہا کہ زراعت کو فروغ دیکر دنیا ترقی کیطرف جا رہی ہے اور ہمارے پاس قدرتی طور پر بہترین زمینیں اور موسم موجود ہونے کے باوجود ہم محنت نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ہماری زمینیں بنجر ہوتی جار ہی ہیں اور ہم آئے روز باہر سے چیزیں لا کر کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے محکمہ جات کو ہدایت کی کہ کسانوں کی رہنمائی کے لیے میٹنگز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے اور جہاں پر بھی زمینداروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں انکی معاونت کی جائے۔