اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ زراعت کی ترقی اورفروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملکی خوشحالی کیلئے کسان کاخوشحال ہونا ضروری ہے، حکومت کسانوں اورزراعت سے منسلک شعبوں کے تمام مسائل حل کرے گی۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں لیفٹننٹ جنرل(ر) طارق خان کی قیادت میں فرٹیلائزرمینیوفیکچررزآف پاکستان ایڈوائزری کونسل(ایف ایم پی اے سی) کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں کہی
۔معاون خصوصی ریونیوڈاکٹروقارمسعود، چئیرمین ایف بی آر اوردیگرمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجودتھے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ کھادیں زراعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔اوران کاکسانوں کی خوشحالی پربراہ راست اثرہے۔انہوں نے کہاکہ فرٹیلائزر کے شعبہ سے متعلق مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائیگا۔ وزیرخزانہ نے فرٹیلائزرشعبہ سے متعلق مسائل سنے اورمعاون خصوصی و چئیرمین ایف بی آرکو فرٹیلائزرمینیوفیکچررزآف پاکستان ایڈوائزری کونسل(ایف ایم پی اے سی) کے نمایندوں سے علیحدہ اجلاس کرکے تجاویز اورحل نکالنے کی ہدایت کی۔