اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں حکومت پنجاب کے ساتھ عالمی بینک کے تعاون سے بمپر فصلوں کے حصول اور کسانوں کے لیے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
جمعرات کو یہاں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کر کے پنجاب میں پائیدار زرعی انقلاب کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، یہ صوبے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
شہزاد علی ملک نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے کے زرعی منظر نامے کو بدل کر رکھ دے گا، اس سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے، آبپاشی کے جدید نظام کا آغاز کرنے، نجی شعبے کےلئے سرمایہ کاری کا پرکشش ماحول پیدا کرنے اورزراعت کو منافع بخش بنانے میں مدد ملے گی اور 1.3 ملین سے زیادہ دیہی کسان خاندان براہ راست مستفید ہوں گے۔