زرداری اور شریف فیملی کی حکومتوںکی کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت آج زبوں حالی کی شکار ہے، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری

73

لاہور۔10 اپریل(اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ زرداری اور شریف فیملی کی حکومتوںکی کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت آج زبوں حالی کا شکار ہے تاہم پی ٹی آئی کی حکومت اپنی معاشی اصلاحات کی بدولت معیشت کو ریسکیو کرکے استحکام کے مرحلے میں لے آئی ہے۔ ایک ڈیڑھ سال میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہمار ا ملک مشکلات سے نکال آئے گا۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حمزہ شہباز اور زرداری اینڈ کمپنی اپنی کرپشن اور لوٹ مارسے عوام کی توجہ ہٹانے کے لےے تمام حربے استعمال کر رہے ہیں۔ کبھی وہ میڈیا کاسہارا لیتے اور کبھی عوام کے سامنے اپنی بے گناہی کا رونا روتے ہیں،لیکن اِن لوگوں کو ادارک ہونا چاہےے کہ عوام کی خون پسینے کی کمائی سے وصول ہونے والے ٹیکسوں کی رقوم کو قومی خزانے سے بیرون ملک منتقل کرکے وہاں قارون کے خزانے جمع کرنے کا خمیازہ اُنہیں بھگتنا پڑے گا۔ اِن کرپٹ عناصر کی بد عنوانیوں کا عذاب آج پوری قوم سہ رہی ہے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں گڈ گورننس ، شہری آزادیوں اور صفائی ستھرائی وگرین پاکستان جیسے امور پر توجہ دینے کے بعد اب چند دنوں میں پنجاب اسمبلی سے نیا بلدیاتی بل منظور کرانے جا رہی ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کی بدولت دیہات اور شہروں میں ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی اور عوام خود اپنی مرضی سے اپنے علاقوں میں ترقیاتی فنڈز استعمال کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی، پاکستان میں عالمی معیار کی پہلی یونیورسٹی کے قیام اور بجلی و ٹیکس چوروں کے خلاف اقدامات جیسے بیسیوں اقدامات موجودہ حکومت کی بہتر کارکردگی اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کا بین ثبوت ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو سب سے زیادہ ماضی کی حکومت کے پھیلائے ہوئے مسائل اور گند کو ختم کرنے میں دقت پیش آ رہی ہے ۔تاہم عمران خان حکومت اپنے عزم صمیم اور کلیئر وژن کی بدولت آنے والے ماہ وسال میںپاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی اور خوشخالی کی منزل سے ہمکنار کر دے گی۔