
اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے زراعت، تجارت اور صنعتی مقاصد کےلئے قرضوں کے ایکٹ 1973ءمیں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے یہ تجویز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیش کی جو کہ زرعی، تجارتی اور صنعتی قرضوں کے رولز 1973ءمیں ترامیم کرنے کے سلسلہ میںہوا۔ اس اجلاس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، وزارت خزانہ اور ایچ بی ایل کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے اجلاس کے دوران کہا کہ بینکوں کے پاس جمع ہونے والی رقوم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بینکوں کی طرف سے قرضوں کا اجراءصرف زراعت تک محدود ہے۔ انہوں نے دور دراز پسماندہ علاقوں کے غرباءکو قرضوں کی سہولت تک رسائی کی ضرورت پر زور دیا اور بینکوں پر زور دیا کہ وہ دور دراز علاقوں میں اپنی برانچیں کھولیں۔