زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کو تین ارب روپے قبل از ٹیکس منافع ہوا

122

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):سال 2021 کی دوسری سہ ماہی کے دوران زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ ( زیڈ ٹی بی ایل) کو تین ارب روپے قبل از ٹیکس منافع ہوا ہے۔ زیڈ ٹی بی ایل کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق اپریل تا جون 2020 کے دوران بینک کو 3.5 ارب روپے خسارہ ہواتھا تاہم رواں سال 2021 میں اسی عرصہ کےلئے زرعی ترقیاتی بینک نے 2.95 ارب روپے قبل از ٹیکس منافع کمایا ہے۔

واضح رہے کہ اپریل تا جون 2021 کے دوران بینک کی مجموعی مارک اپ آمدن میں 148 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس دوران بینک کی عمومی مارک اپ آمدنی 5.7 ارب روپے تک بڑھ گئی جبکہ اپریل تا جون 2020 کے لئے زیڈ ٹی بی ایل کو 2.3 ارب روپے مارک اپ آمدنی ہوئی تھی ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2020 کی دوسری سہ ماہی میں زرعی ترقیاتی بینک کو مارک اپ کی مد میں 759 ملین روپے خسارہ ہوا تھا تاہم رواں سال 2021 کی دوسری سہ ماہی کے دوران بینک کو مارک اپ کی مد میں 3 ارب روپے کی خالص آمدن ہوئی ہے۔