زرعی سائنسدانوں کو فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لانی ہونگی ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

145

فیصل آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نےکہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا زرعی ترقی اور دیہی ثقافت کے فروغ کیلئے کردار قابل تحسین ہے، زرعی سائنسدانوں کو فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے تمام کاوشیں بروئے کار لانی ہونگی تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تخفیفِ غربت کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جشن بہاراں میں 3روزہ نیزہ بازی چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ چیمپئن شپ کا افتتاح وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اورڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد سرور خاں کے ہمراہ کیا۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی رانا ثناء اللہ نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا زرعی ترقی اور دیہی ثقافت کے فروغ کیلئے کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ زرعی سائنسدانوں کو فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے تمام کاوشیں بروئے کار لانی ہونگی تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تخفیفِ غربت کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس طرح کے مقابلہ جات نہ صرف دیہی ثقافت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہماری نوجوان نسل کو دیہی قدیم روایات سے بھی جوڑے رکھتے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن بہاراں تقریبات کا مقصد زرعی سائنسدانوں، کاشتکاروں اور انڈسٹری کے مابین مربوط روابط استوار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اس قسم کی صحتمندانہ سر گرمیوں کی طرف راغب کرانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 6مارچ زرعی یونیورسٹی میں ڈی۔ایٹ بین الاقوامی کانفرنس برائے فوڈ سکیورٹی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا اور ترکیہ سے ماہرین شرکت کر رہے ہیں تاکہ ڈی ایٹ ممالک میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے حکمتِ عملی ترتیب دی جا سکے۔

اس عظیم الشان ہارس شو میں ملک بھر سے آئے ہوئے 100سے زائد کلبوں سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد میں گھوڑوں اور شہسواروں نے شرکت کی۔ جس میں سنگل سیکشن،سیکشن آف فور اور سیکشن آف ایٹ کے مقابلہ جات منعقد کیے جا رہے ہیں۔

نیزہ بازی کے مقابلہ جات کا انعقادزرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ایکوسٹرین فیڈریشن کے اشتراک سے کیا ، چیمپئن شپ کا فائنل 7مارچ کو منعقد کیا جائیگا۔