زرعی شعبہ کیلئے رواں مالی سال کے دوران 1.35 کھرب روپے قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر

53

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) زرعی شعبہ کیلئے رواں مالی سال کے دوران 1.35 کھرب روپے قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کیلئے شعبہ کو قرضہ جات کی فراہمی کا ہدف 1.17 کھرب روپے مقرر کیا گیا تھا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران زرعی شعبہ کو 263 ارب روپے کے قرضے جاری کئے جا چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں زرعی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کا حامل زرعی شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ نہ صرف غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار کا حامل ہے بلکہ اس سے روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صنعتوں کیلئے خام مال کی فراہمی بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت پالیسی سازی کی ضرورت ہے اور شعبہ میں زیادہ پیداوار کے حامل بیجوں اور جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ سے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی سے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی جس سے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔