زرعی شعبے میں ہزاروں پاکستانیوں کو تربیت دینے میں مدد فراہم کریں گے،چینی سفیر کا جامعہ کراچی کے دورہ کے موقع پر گفتگو

164
زرعی شعبے میں ہزاروں پاکستانیوں کو تربیت دینے میں مدد فراہم کریں گے،چینی سفیر کا جامعہ کراچی کے دورہ کے موقع پر گفتگو
زرعی شعبے میں ہزاروں پاکستانیوں کو تربیت دینے میں مدد فراہم کریں گے،چینی سفیر کا جامعہ کراچی کے دورہ کے موقع پر گفتگو

کراچی۔ 06 ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے حکمرانوں نے تعلیمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور ہم نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)کے شعبوں میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں پاکستان کی مدد کرنے سمیت مزید اقدامات اٹھانے پربھی اتفاق کیااوراس کے ساتھ ساتھ ہم زرعی شعبے میں ہزاروں پاکستانیوں کو تربیت دینے میں بھی مدد فراہم کریں گے۔

جامعہ کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں جمعہ کو جامعہ کراچی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چین کے سفیرجیانگ زیڈانگ کی قیادت میں جمعہ کے روز کراچی میں تعینات چین کے قائم مقام قونصل جنرل ژانگ ہاؤودیگرآفیشل پر مشتمل وفد نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی،کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر ناصرالدین خان ودیگر سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ چین ہماراقابل فخر اور بہترین دوست جس نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔مجھے امید ہے کہ یہ دورہ ادارہ جاتی اور عالمی سطح پر ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے ساتھ ہمارا بہت گہرا تعلق ہے اور ایک اچھے پارٹنر کے طور پر انہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے بہت تعاون کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی اور پاکستانی ڈائریکٹرز نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی میں تدریسی عمل، سہولیات اور معیار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستانی عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک راستہ ہے کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اگرچہ ہمیں اندرونی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے لیکن ہماری حکومت اور عسکری قیادت کا مکمل عزم ہے کہ ہم سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاک چین تعلقات اور سی پیک کی ترقی کے حوالے سے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد عراقی اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے پاکستانی ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصرالدین خان نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کی ترقی میں کلیدی کرداراداکیاہے۔جامعہ کراچی ایک بڑی جامعہ ہے جس میں پچاس ہزار طلباوطالبات زیر تعلیم ہیں اور طلبہ کی اتنی بڑی تعدادکا کسی جامعہ میں زیر تعلیم ہوناکم ممالک میں نظرآتاہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ سے ایک مضبوط ملک کی تعمیر وترقی کے لئے تعلیم اور ہنرکوناگزیر قراردیا۔

میرے خیال میں جامعہ کراچی پاکستان کی قومی ترقی کو فروغ دینے میں کلیدی کرداراداکرے گی،پاکستان آنے کے بعد میں نے دیکھا کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور پاکستان کا آئی ٹی ٹیلنٹ دنیا بھر میں مشہور ہے۔چینی سفیر نے مزید کہا کہ چینی حکومت جامعہ کراچی کی ترقی کے لیے مزید تعاون فراہم کرنا چاہتی ہے کیونکہ چین اور پاکستان بہت ہی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور ہمارا دوطرفہ تعاون تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔

انہوں نے جامعہ کراچی کے طلبہ کے لئے اسکالر شپ میں اضافہ کا عندیہ بھی دیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے قیمتی تہذیب کو سیکھنا اور اس کی تعریف کرنی چاہیئے،عوامی تبادلے اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید بڑھانے اور مختلف تہذیبوں کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ہم بخوبی جانتے ہیں کہ زبان ہی تہذیب کو پھیلانے کا ذریعہ اور مختلف تہذیبوں کے مابین پل کا کردار اداکرتی ہے۔بعد ازاں چینی وفد نے چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصرالدین خان نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی پاکستان میں چینی زبان اور ثقافت کو فروغ دینے اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے