اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):زرعی اجناس اور مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کے زیرِ اہتمام دو روزہ بین الاقوامی”پاکستان ہارٹی ایکسپو” 28جنوری سے شروع ہوگی ۔ایکسپومیں پاکستانی پھلوں ،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے اے پی پی کو بتایاکہ امسال اس نمائش میں100سے زائد سٹالز لگائے جائیں گے جس میں تاجکستان،ازبکستان، بیلا روس ،قازقستان،سعودی عرب ،دوبئی،قطر،بحرین،سری لنکا،انڈونیشیا، ملائیشیا اورترکی سے ماہرین،ایکسپوٹرزو دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس نمائش سے قبل محکمہ زراعت ایسی آٹھ کامیاب نمائشوں کا انعقاد کر چکا ہے جس میں مجموعی طور پر20 ممالک سے150 سے زائدوفود نے شرکت کی۔ ان نمائشوں کے انعقاد سے پاکستانی برآمدات میں مجموعی طور پر20 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا۔ پاکستان ہارٹی ایکسپو2023 کے انعقادسے زرعی شعبہ سے وابستہ لوگوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے جو پاکستانی مصنوعات کو پوری دنیا میں متعارف کروانے کا ذریعہ بنیں گے اور ہماری زرعی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=347410