زرعی چیلنجزسے نبردآزما ہونے کیلئے اکیڈیمیا -انڈسٹری تعلقات کو فروغ دینا ہو گا،وی سی جامعہ زرعیہ

151
Dr. Iqrar Ahmad Khan
Dr. Iqrar Ahmad Khan

فیصل آباد۔ 01 جنوری (اے پی پی):جدید ٹیکنالوجی کاشتکاروں تک پہنچانے اورزرعی چیلنجزسے نبردآزما ہونے کیلئے اکیڈیمیا انڈسٹری تعلقات کو فروغ دینا ہو گاکیونکہ علم پر مبنی معیشت ہی روشن مستقبل کی ضامن ہے لہٰذا زرعی سائنسدانوں کو زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے زرعی خوشحالی کیلئے اقدامات کریں اسی لئے غذائی خودکفالت کو یقینی بنانے کی غرض سے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ تخفیف غربت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمدخان نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انڈوومنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 17زرعی ترقی اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل پر مبنی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ منصوبہ جات کی منظوری کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر جہاں بخت، ساہیوال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اختر، پرنسپل ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی نارووال سب کیمپس ڈاکٹر محمد یونس، چیئرمین فوربرادرز انجینئر عظیم قریشی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر (اے ایل پی) پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل محمد ارشد فاروق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈوومنٹ فنڈ ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹی، ٹریژرر عمرسعید قادری، رجسٹرار طارق گل، ایڈیشنل ڈائریکٹر نعیم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر عامر سعید و دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی گندم بڑھاؤ مہم، سویابین اور دیگر اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی جامعہ زرعیہ اپنی بھرپور کاوشیں عمل میں لاتی رہے گی۔