زرعی کاروبار، توانائی اور خواتین کو بااختیار بنانا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں، شیزہ فاطمہ خواجہ

73

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ زرعی کاروبار، توانائی اور خواتین کو بااختیار بنانا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بین الاقوامی ترقی اور عملدرآمدی شراکت دار تنظیموں سے متعلق کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں اقوام متحدہ کے اداروں، این جی اوز اور شراکت دار تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور انہوں نے باہمی دلچسپی اور شراکت داری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام میں ملک کے مختلف حصوں میں نوجوان طبقہ کی بہتری پر توجہ دی جاتی ہے، ہمارا مقصد نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے کی بجائے ملازمت کی فراہمی کے قابل بنانا ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے ملک میں نوجوانوں کیلئے شروع کئے گئے اقدامات کو مربوط بنانے کیلئے کوشش کرنا ہے، وزیراعظم نوجوان پروگرام کے تحت اقدامات اہم ہیں کیونکہ اس کے براہ راست ملک کی ترقی اور معیشت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی کاروبار، مؤثر توانائی پالیسی اور خواتین کو بااختیار بنانا اہم شعبے ہیں اس پر موجودہ حکومت نے توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اس پروگرام سے ملک کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں فائدہ اٹھا سکیں۔ شرکاء نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کوششوں کی تعریف کی اور جاری اقدامات میں مزید بہتری کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار توانائی آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور ان منصوبوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے جس سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی نے جدید دور میں غیر روایتی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی گریجویٹ کی بے روزگاری کی شرح 30 فیصد ہے اس لئے نوجوانوں کو ابتدائی مراحل میں ہنر کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے مائل کرنا چاہئے، اس سے وہ دوسروں پر انحصار کئے بغیر اپنی ضروریات زندگی حاصل کر سکتے ہیں۔ مختلف اداروں کے نمائندوں نے فنی تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کی شمولیت، شہری اداروں کی شراکت داری، پناہ گزینوں کی بحالی، ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اور دیگر مخصوص شعبوں سے متعلق اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

معاون خصوصی نے ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے عالمی اداروں کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ شرکاء کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے روڈ میپ اور منصوبوں سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ملک کے نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام قومی و بین الاقوامی اداروں کی شراکت داری کی خواہاں ہے۔