زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں صحت مند خوراک کے فروغ اور ٹرانس فیٹ چکنائی کے مضر اثرات سے آگاہی کیلئے مہم کا اجراء

84

فیصل آباد۔ 14 فروری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پاکستان یوتھ چینج ایڈووکیٹس کے اشتراک سے صحت مند خوراک کے فروغ اور ٹرانس فیٹ چکنائی کے مضر اثرات سے آگاہی کے لئے مہم کا اجراء کر دیا ہے۔ جس کے تحت آگاہی سیمینار اور کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو صحت مند زندگی گزارنے کے رہنما اصولوں سے روشناس کروایا جا سکے۔

اس حوالہ سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے بتایا کہ ٹرانس فیٹس چکنائی کا استعمال دل کی بیماریوں، بلند فشار خون، ذیابیطس اور دیگر صحت کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے عوام کو محفوظ صحت مند متبادل غذائی ذرائع سے آگاہ کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر بڑھتی ہوئی بیماریوں کے سبب طرززندگی کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ صحت مند معاشرے کو پروان چڑھاتے ہوئے ترقی کے سفر کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف شہری بلکہ دیہی آبادی تک بھی اس مہم کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔