فیصل آباد۔ 10 جنوری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 3 روزہ صنعتی ہمپ ویلیو چین پر بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد 15جنوری سے کیا جائے گا۔ جس میں نہ صرف ملک کے نامور سائنسدان بلکہ چین، امریکہ، جاپان،منگولیا، ملائیشیا، انڈیا، تھائی لینڈ اور اٹلی کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے ورکشاپ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر صدام حسین اور کوآرگنائزر ڈاکٹر اسد فاروق ہیں۔ ورکشاپ کا مقصد بین الاقوامی ماہرین، پالیسی میکرز اور انڈسٹری کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ انڈسٹریل ہمپ ویلیو چین کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے ترقی کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔ اس موقع پر نمائش کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔