فیصل آباد۔ 30 جنوری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام چینی نئے سال اور جشن بہاراں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے چینی اور پاکستانی ثقافتوں پر مبنی ٹیبلو پیش کئے۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں مہمان خصوصی تھے جبکہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے ڈین ڈا کٹر ژوچانگ منگ اور لوکل ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر ژو چانگ منگ نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ زبان اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کر رہے ہیں جس سے سائنسی تعاون کو پروان چڑھاتے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک قریبی دوستی قائم کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ترقی کی نئی راہیں کھلے گیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے گیارہ سال مکمل کر لیے ہیں اور اس نے چینی زبان کے کورس میں اب تک 22200 طلباء تیار کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے چینی اداروں کے ساتھ تعلیمی، تحقیقی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ٹھوس بنیاد فراہم کی ہے۔ انہوں نے زراعت اور اقتصادی ترقی میں چین کے تجربات سے سیکھنے پر زور دیا۔ ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا قیام 2014ء میں عمل میں آیا اور چینی زبان کی پہلی کلاس کا انعقاد 10 جنوری 2015 کو کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 22,000 سے زائد طلباء کو داخلہ دیا ہے اور 152 ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے 138ایچ ایس کے امتحانات کا انعقاد کیا، جس میں 11500 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 600 سے زائد طلباء نے کامیابی سے انسٹی ٹیوٹ کی سفارشات کی بنیاد پر چین میں اعلیٰ تعلیم کے لئے وظائف حاصل کیے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553882