فیصل آباد ۔ 06 مئی (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 روزہ آرٹ گالا کا آغاز ہو گیا ہے جس میں دستکاری، پینٹنگ اور دیگر مواد سے متعلق بصری آرٹ، گرافک اور ٹیکسٹائل ڈیزائنز پیش کئے گئے تھے۔ شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز کے طلبہ نے تقریباً100 سے زائد سٹالز آویزاں کئے جو کہ شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) ندیم ناصر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سابق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں مہمان اعزاز تھے۔ ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز ڈاکٹر شازیہ رمضان، ڈاکٹر نجمہ افضل، ڈپٹی رجسٹرار / ٹیکنیکل سٹاف آفیسر محمد آصف صدیق، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر عمران ارشد، وردہ طارق، عدنان بیگ، آرٹسٹ محمد آصف و دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے کہا کہ مذکورہ گالا میں طلبہ کا آرٹ ورک قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ فن صرف ایک مشغلہ نہیں بلکہ خیالات اور جذبات کے اظہار کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ اس طرح کے پروگرام طلبہ میں اعتماد پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری ثقافت سے جڑے رکھنے کا سبب بنتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یہ آرٹ گالا ہمارے طلباء کی لگن اور چھپی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمک سیکھنے کے ساتھ ساتھ ایسے تخلیقی پلیٹ فارمز شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ کی یہ روایت رہی ہے کہ طلبہ کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور نکھارنے کے لئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرت نے وطن عزیز کو بہترین صلاحیتوں کی حامل نوجوان نسل سے نوازا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے پلیٹ فارم مہیا کئے جائیں جہاں وہ ترقی و کامرانی کی منازل طے کرتے ہوئے ملکی خوشحالی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
پروفیسر ڈاکٹر شازیہ رمضان نے کہا کہ نوجوانوں میں انٹرپرینیور شپ اور کاروباری مہارتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ وہ نوکری کے متلاشیوں کی بجائے روزگار فراہم کرنے والے بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد طلباء کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے ہمیں معاشرے کو خوشیوں و خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593589