فیصل آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 روزہ میلہ مویشیاں کا افتتاح ہو گیا۔ جس میں بکروں، بچھڑے، اونٹ، بکریوں کے مقابلہ حسن، مقابلہ وزن اور دودھ کے مقابلہ جات کروائے جا رہے ہیں۔
فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور بین الاقوامی گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ فیسٹیول کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمربلال، چیئرمین انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن چوہدری عطاء محمد گجر، چوہدری محمد اشرف، ڈاکٹر سیف الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ڈیری اور گوشت کی پیداوار میں ویلیوایڈیشن کو فروغ دے کر نہ صرف مقامی ضروریات احسن انداز سے پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کثیرزرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مقامی بریڈ پیداواری استعداد کے حوالے سے منفرد حیثیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کسانوں، زرعی ماہرین کے مابین تعلقات کو استوار کرنے کے لئے اس طرح کے میلہ جات کا باقاعدگی سے انعقاد کرتی ہے تاکہ غذائی استحکام کے حصول کے لئے جدید رحجانات کو فروغ دیا جا سکے۔ ڈاکٹر قمربلال نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی انڈسٹری اور کاشتکار برادری کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کئے ہوئے ہے تاکہ فوڈ سکیورٹی کے حصول کے لئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مقامی بریڈ میں بہترین پریکٹسز کو پروان چڑھانا ہے کیونکہ ہماری بریڈ ماحول کے مطابق بہتر کارکردگی مہیا کرتی ہے۔ چوہدری عطاء محمد گجر نے کہا کہ فی جانور دودھ اور گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے لائیوسٹاک سیکٹر کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہو گا۔