پشاور۔ 12 فروری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی پشاور کے کالج آف ویٹرنری سائنسز نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پانچ روزہ سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد کیا جس کا مقصد کالج کے طلبہ و طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول رکھنا، ان کے درمیان جسمانی فٹنس، صحت مند مسابقت ، ثابت قدمی، لچک اور کھیلوں کی اقدار کو فروغ دینا جو نوجوان ذہنوں کی مجموعی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت تھے۔
اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف اینمل ہسبینڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، کالج آف ویٹرنری سائنسز کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مراد علی خان، فیکلٹی ممبران، انتظامی آفسران اور طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔اپنے افتتاحی کلمات میں پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے ڈین، پرنسپل اور آرگنائزنگ کمیٹی بشمول سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے طلباکو رمضان المبارک کے بعد یونیورسٹی کی سطح پر گرینڈ سپورٹس گالا کے انعقاد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کھیل ہمارے لئے کلاس رومز کی طرح ضروری ہے کیونکہ بہترین مطالعہ کے لئے صحت مند دماغ کا ہونا لازمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہو وہاں ہسپتال ویران ہونگے۔ اس قسم کے کھیلوں کے ساتھ ساتھ تقریری ، پوسٹرز، مشاعروں وغیرہ کے مقابلوں کے انعقاد کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور ان میں خود اعتمادی و انسانی اقدار کا جذبہ پیدا ہو۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مراد علی خان نے وائس چانسلر، ڈین و دیگر شرکاکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اور طلبانصابی سرگرمیوں صحت مندانہ سرگرمیوں میں اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں ۔
انہوں نے کہا کہ طلبااس سپورٹس گالا کو ذہنی تفریح کے طور پر استعمال کریں تاکہ ان کی ذہنی نشوونما کو ترقی مل سکے۔ڈین پروفیسر عبدالرحمن نے کہا کہ ہمارے طلبامیں کافی قابلیت موجود ہیں، کھیلوں سے ان میں اجتماعی فکر پروان چڑھتی ہے، ایک ٹیم ورک وجود میں آتی ہے، لہذا اس سپورٹس گالا کا بنیادی مقصد یہی ہے۔تقریب کو باضابطہ طور پر ایک پرجوش لمحے میں داخل کرنے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے وائس چانسلر نے افتتاحی بیٹنگ کی باری لی جبکہ ڈین اور پرنسپل دونوں نے ابتدائی بولنگ کی، جو کہ کھیلوں کے میلے کا ایک دلچسپ آغاز تھا۔سپورٹس گالا میں طلبہ کے کرکٹ، بیڈمنٹن، لڈو، سپون ریس، رسہ کشی اور کیرم بورڈ جبکہ طالبات کی بیڈمنٹن، لڈو، میوزیکل چیئر، رسہ کشی، سپون ریس اور رکاوٹی دوڑ کے کھیل شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559651