پشاور۔ 02 مئی (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی پشاور، یونیورسٹی آف پشاور،انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور ، پاکستان اور ایشین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (اے آئی ٹی )، تھائی لینڈ کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون بہتر بنانے کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
اس حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مفاہمت کی یادداشت پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور، پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت اور ایشین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، تھائی لینڈ کے صدر پروفیسر پائی چی لی نے دستخط کئے۔دوطرفہ مفاہمتی سمجھوتے کا مقصد تعلیمی، تحقیقی اور آؤٹ ریچ سرگرمیوں کے لئے تعاون کو قابل عمل بنانا، اس کے تحت بین الاقوامی یونیفائیڈ بیچلر اور ماسٹر ڈگری پروگراموں کی ترقی، زرعی یونیورسٹی پشاور کے لیکچرارز اور محققین کی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے پی ایچ ڈی اور شراکتی پروگرام، دوہری ماسٹر اور ڈاکٹریٹ ڈگری پروگراموں کی ترقی، فیکلٹی، عملے اور طلبا کا تبادلہ، ڈاکٹریٹ طلبا کی مشترکہ تھیسس کی نگرانی، مشترکہ تحقیقی منصوبے چلانا، مشترکہ بین الاقوامی کانفرنسز، سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد وغیرہ شامل ہیں۔
اس موقع پر پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد بھی موجود تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی پشاور کا مشن معیاری تعلیم و تحقیق اور بہترین تربیت ہے، زرعی یونیورسٹی پشاور کے فارغ التحصیل طلبا صوبائی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر زراعت و لائیوسٹاک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
جامعات کے سربراہان نے امید ظاہر کی کہ اس تعاؤن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و تحقیقی ترقی کی فضا پروان چڑھے گی۔