پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی پشاور میں یونیورسٹی شعبہ جات کے سربراہان اور فوکل پرسنز کے لئے موثر کوالٹی ایشورنس اور ایکریڈیٹیشن باڈیز کا جائزہ لینے کے لیے خود تشخیصی دستاویز کی تیاری کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس ( ڈی کیو اے)کے ڈائریکٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خُرم نواز سدوزئی نے پریپریشن آف سیلف اسسمنٹ فار ریویو ایفیکٹیونیس کوالٹی ایشورنس اینڈ ایکریڈیشن باڈیزکے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ڈائریکٹر کیو اے سی کی دعوت پر سابق ڈین زرعی یونیورسٹی پشاور و سوات پروفیسر (ر) ڈاکٹر فرمان اللہ ورکشاپ کے ریسورس پرسن تھے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ادریس خٹک ڈائریکٹر آف ٹیچنگ ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عظیم خان اور تمام ڈیپارٹمنٹس کے ایچ او ڈیز بھی موجود تھے۔ ورکشاپ کا مقصد چیئرپرسنز، ایچ او ڈیز اور ان کے متعلقہ فوکل پرسنز کو تعلیمی پروگراموں میں موثر کوالٹی ایشورنس اور ایکریڈیٹیشن کا جائزہ لینے کے لئے خود تشخیصی دستاویزات کی تیاری کے خود احتسابی عمل کے حوالے سے رہنمائی کرنا تھا جو کہ ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے کوالٹی ایشورنس کے اہم اجزا میں سے ایک ہے۔اس موقع پر کثیر تعداد میں چیئرپرسنز، ڈائریکٹرز ، ایچ او ڈیز اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ڈاکٹرخرم نواز سدوزئی نے بتایا کہ اس قسم کی ورکشاپس بہت اہم ہوتی ہیں،
یہ ورکشاپ یونیورسٹی کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں شرکاکی دلچسپی کو سراہا اور ریسورس پرسن اور شرکاکا شکریہ بھی ادا کیا۔آخر میں سوالات و جوابات کا سیشن ہوا اور شرکانے اس تربیتی ورکشاپ سےمستفیض ہوتے ہوئے اس کے انعقاد کی تعریف کی۔ کوالٹی ایشورنس ٹیم کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ریاض عادل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران نواز اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وقاص نے ورکشاپ کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا اہتمام کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474561