زلزلہ متاثرین سے فنکاروں کا اظہار یکجہتی

212

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)گزشتہ روز پاکستان میں آنے والے خوفناک زلزلے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نامور گلوکار و اداکار علی ظفر نے زلزلے سے ہونے والی تباہی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کیا ہے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے زلزلہ متاثرین کے لیے دعا کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ پرآزاد کشمیر میں ہنگامی صورتحال کے دوران استعمال کیے جانے والے ایمرجنسی نمبرز شیئر کئے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو احساس دلایا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اداکار ہمایوں سعید نے زلزلہ متاثرین کی حفاظت کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی ہم سب کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے ۔ اداکارہ ارمینا خان نے کہا میری دعائیں زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں، زلزلے کے بعد جو تصاویر سامنے آرہی ہیں انہیں دیکھ کر وہ سخت صدمے میں ہیں۔ ارمینا خان نے متاثرین کو اپنی حفاظت کرنے کی تلقین بھی کی ہے ۔ اداکار شان نے بھی گزشتہ روز آنے والے زلزلے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔