اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی جلد بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور زلزلہ سے متاثرہ تمام علاقوں کو جلد بحال کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو میرپور آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری نے تمام سول و فوجی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سول اور فوجی اداروں نے زلزلہ سے متاثرہ عوام کے ریسکیو اور بحالی کا کام بڑے منظم اور احسن انداز میں سر انجام دے رہے ہیں جس کیلئے وہ بلاشبہ تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان وہ بحالی اور ریلیف کے اداروں اور اس ضمن میں پیشرفت سے لمحہ با لمحہ آگاہ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ جس رفتار سے بحالی کا کام چل رہا ہے اس سے یہ کہنا مشکل نہیں ہے کہ یہ کام جلد احسن انداز سے مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی نہتے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو کچل نہیں سکتی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ ثوبیہ کمال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بڑے مؤثر انداز میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور مسئلہ کشمیر پر حقیقی سفیر اور کشمیریوں کا مضبوط وکیل ہونے کا وعدہ سچ کر دکھایا ہے۔ اس سے قبل پارلیمانی سیکرٹری نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور میں زلزلہ سے متاثرہ خواتین اور بچوں کی عیادت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہے اور ان کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر کو میرپور انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور بحالی کے کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔