ہرارے۔27اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم کو پہلے ٹی -20 میچ کی طرح پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے ہرارے میں شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے بھرپور تیاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے ساتھ سیریز کا آغاز جاندار انداز میں کرئے گی۔ 28 سالہ محمد رضوان نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم زمبابوے کو ٹی -20 سیریز کی طرح ٹیسٹ سیریز میں بھی شکست سے دوچار کرے گی۔میزبان ٹیم کے خلاف ٹی -20 سیریز میں مین آف دی سیریز کا اعزاز پانے والے اور ٹاپ سکورر رہنے والے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ وہ زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایم رضوان نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعرات سے ہرارے میں شروع ہوگا۔