فیصل آباد۔ 25 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب سیڈ کارپوریشن فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن زرعی ترقی میں زمینداروں اور کسانوں کیلئے ریڑھ کی ہڈی کاکردار ادا کررہی ہے اسلئے زمینداروں وکاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بہترین فصل اور زیادہ سے زیادہ فی ایکڑپیداوار حاصل کرنے کیلئے معیاری، اچھے اور صحت مند شہ زور بیج کاشت کریں۔
انہوں نے بتایاکہ سیڈ کارپوریشن کی طرف سے تیارکردہ بیج عالمی معیار کے مطابق تیار کئے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ گندم،کپاس، اور دھان وغیرہ کے بیج جدید آٹو میٹک اور امپورٹڈ پلانٹس پرتیار کر کے کاشت کیلئے زمینداروں کوارزاں نرخوں پر فروخت کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچرآرگنائزیشن نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیاہے لہٰذا زمینداروں کو سیڈ کارپوریشن کی طرف سے ہی تیار کردہ بیج کاشت کرکے ملکی پیداروار میں اضافہ کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کو زراعت کے شعبہ میں اہم مقام حاصل ہے لیکن یہا ں سیڈ کارپوریشن کی طرف سے تیار کردہ بیج کی سیل دوسرے اضلاع کی نسبت کم ہے جس کیلئے عملہ کوزمینداروں سے اپنے روابط اور ملاقات کے سلسلے بڑھانا چاہئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516983