اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے معروف پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، جو اتوار کی صبح یہاں 85 سال کی عمر میں علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ قومی ہیرو اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سیکٹر ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد میں پورے قومی اغزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
ان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر الغزالی نے پڑھائی ۔ جس میں قائم مقام صدر پاکستان محمد صادق سنجرانی ، وفاقی وزراء ، سول اور عسکری قیادت کے علاوہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 1974 میں بھارت کے ایٹمی تجربے کے بارے میں جاننے کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایٹمی توانائی کی ترقی کے لیے اپنی قوم کی خفیہ کوششوں میں شمولیت اختیار کی۔
انہوں نے 1976 میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی بنیاد رکھی اور کئی سالوں تک اس کے چیف سائنسدان اور ڈائریکٹر رہے۔ ملک کی خدمات کے لیے انہیں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔صدر مملکت اور وزیر اعظم عمران خان نے نامور سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن پاکستان کی وفات پر گہرا دکھ ہے ۔اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے انا للہ و انا الیہ راجعون لکھتے ہوئے کہا کہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا ہوں ، انہوں نے قوم کے تحفظ کےلئے ایٹمی ہتھیار بنانے میں ہماری بے مثال مدد کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بطور احسان مند قوم ہم اس حوالے سے ان کی خدمات کو بھلا نہیں سکتے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔
وزیراعظم عمران خان نے نامور سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ایٹمی ریاست بنانے کے حوالے سے ان کے اہم کردار کےلئے پوری قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے محبت کرتی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہمیں اپنے سے کئی گنا بڑے ہمسائے اور ایٹمی ریاست کی جارحیت سے تحفظ فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کےلئے وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس جی) اور مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کو جاری تعزیتی بیان میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بے مثال خدمات سرانجام دیں ۔ آرمی چیف نے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک عظیم انسان اور محب وطن پاکستانی تھے،ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔اتوار کو یہاں اپنے بیان میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرماۓ۔ آمین۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی وفات قوم کیلئے بہت بڑا نقصان ہے ۔اتوار کو محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر وزارت دفاع کی جانب سے جاری کئے گئے تعزیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پوری قوم کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستانی قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی احسان مند ہے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان کے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی ان گنت خدمات ہیں، اللہ تعالیٰ انھیں غریق رحمت کرے۔ آمین۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ ملک و قوم کے لئے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان صحیح معنوں میں محسن پاکستان اور قوم کا سرمایہ تھے جس نے اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ہمیشہ آپ کی احسان مند رہے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے، مرحوم نے سائنس و ٹیکنالوجی میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی ملک و قوم کیلئے گرانقدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔اتوار کو جاری کردہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ملک کے لئے قابل قدر خدمات انجام دیں ہیں ۔
گورنرہائوس میں منعقدہ محفل میلاد ۖ کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مولانا بشیر فاروقی نے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کرائی۔