زندگی کے ہر شعبہ بالخصوص طبی شعبہ سے وابستہ افراد اپنے پیشہ ورانہ فرائض میں صبر و برداشت و شائستگی قائم رکھیں،گورنر خیبرپختونخوا غلام علی

98
زندگی کے ہر شعبہ بالخصوص طبی شعبہ سے وابستہ افراد اپنے پیشہ ورانہ فرائض میں صبر و برداشت و شائستگی قائم رکھیں،گورنر خیبرپختونخوا غلام علی

پشاور۔ 25 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ خیبر ڈینٹسٹری کالج نہ صرف صوبہ بلکہ ملک بھر کا مقبول ادارہ ہے، دنیا کی ترجیحات تبدیل ہو گئیں، آج کا دور نئی جدت و ٹیکنالوجی کا دور ہے، دنیا بھر میں میڈیکل سمیت تمام شعبوں میں نت نئی جہت و ٹیکنالوجیزمتعارف ہو رہی ہیں، زندگی کے ہر شعبہ بالخصوص طبی شعبہ سے وابستہ افراد اپنے پیشہ ورانہ فرائض میں صبر و برداشت و شائستگی قائم رکھیں، ہسپتال علاج معالجہ کیلئے آنیوالے مریضوں کو ڈاکٹروں سے بہت امیدیں وابستہ ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے سالانہ کانووکیشن 2023 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پروزیر اعلی کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق، ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر سید ناصر شاہ، افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر،فیکلٹی اراکین اور طلبہ سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی۔گورنر نے کانووکیشن میں سیشن 2019-22 کے بیچلر آف ڈینٹسٹری کی تعلیم مکمل کرنیوالے 170 طلبا وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں،گورنر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 108 طلبا و طالبات کو گولڈ میدلز پہنائے اور تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکباد دی۔تقریب میں ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر سید ناصر شاہ نے گورنر کو ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ پیشہ کے لحاظ سے ڈاکٹرز معاشرہ میں ایک معتبر مقام و حیثیت رکھتے ہیں، اللہ کا آپ پر کرم ہے کہ انہوں نے آپکو معاشرے کے بیمار و دکھی انسانیت کی خدمت و علاج معالجہ کیلئے منتخب کیا،میری اپنی 40 سالہ سیاسی زندگی کا محور صرف اور صرف عوام کی خدمت رہا، معاشرے میں آج صبر و برداشت بالکل ختم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علاج معالجہ کے ساتھ اپنے رویوں میں نرمی لا کر مریضوں کا دل جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کا خاتمہ کرنا ہے،ملک کا مستقبل نوجوان ہیں اور نوجوانوں نے ہی ریاست و ریاستی اداروں کا وقار و تحفظ یقینی بنانا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ ڈینٹل میڈیکل کی تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی سے اورل ہیلتھ میں آسانیاں پیدا ہوئیں،ڈینٹل میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے نوجوان اورل ہیلتھ کے تحفظ و احتیاطی تدابیر سے عوام کو آگاہی فراہم کریں،صحت و علم کی زکوۃ متوسط و غریب دکھی انسانیت کا مفت علاج کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اپنی زندگیوں کا مقصد بنائیں،

معاشرے کے بیمار افراد کا مہنگا علاج نہیں بلکہ سستا علاج معالجہ یقینی بنانا ہے، ملک کا مستقبل نوجوان ہیں اور نوجوانوں نے ہی ریاست و ریاستی اداروں کا وقار و تحفظ یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ تمام شعبوں میں ترقی و کامیابی کو اپنا مشن بنائے،اپنی طاقت و قوت اور دستیاب وسائل سے آگے بڑھنے کی جستجو و جدوجہد سے کامیاب زندگی ممکن ہے، وقت تیزی سے گزر رہا ہے جس کو ضائع نہیں بلکہ وقت کی قدر کرتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنا ہے۔