زونگ فورجی نے گلگت بلتستان میں فورجی کی59 کمرشل سائٹس کا آغاز کردیا

117
زونگ فورجی نے گلگت بلتستان میں فورجی کی59 کمرشل سائٹس کا آغاز کردیا
زونگ فورجی نے گلگت بلتستان میں فورجی کی59 کمرشل سائٹس کا آغاز کردیا

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والے پاکستان کے معروف موبائل فون آپریٹر زونگ فورجی نے گلگت بلتستان میں اپنے نیٹ ورک کا باضابطہ آغاز کردیا ہے جو خطے کی ڈیجیٹل ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

گلگت کے سرینا ہوٹل میں منعقدہ تقریب رونمائی کے مہمان خصوصی گلگت بلتستان حکومت کے وزیر قانون و سیاحت غلام محمد تھے،دیگر معززمہمانوں میں گلگت بلتستان حکومت کی مشیر آئی ٹی ثریا زمان، پی ٹی اے گلگت کے زونل ڈائریکٹر گل عابد وزیر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ٹی اے گلگت بلتستان احسان الحق،اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل محمد علی احمد اورگلگت بلتستان کے آئی ٹی سیکرٹری ریاض احمد شامل تھے۔

ان کی موجودگی خطے میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ میں سرکاری اور نجی شعبہ کے مابین مضبوط تعاون کی علامت ہے۔اس منفرد ایونٹ نے پورے خطے میں فورجی کی 59 سائٹس کی کمرشل سرگرمیوں کا جشن منایا جس میں اگلے سال کے لیے مزید توسیع منصوبے بھی شامل ہیں۔

گلگت بلتستان میں زونگ فورجی کی موجودگی مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے، رابطوں کو بڑھانے اور علاقہ کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے وعدہ کو ظاہر کرتی ہے۔زونگ فورجی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برائے سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن خواجہ شہزاد اللہ نے خطے میں کنیکٹیویٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں زونگ فورجی کے تیز رفتار انٹرنیٹ کو متعارف کرانے پر ہم بہت پرجوش ہیں۔

یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے، مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے، سیاحت کے فروغ اور ہماری جدید ٹیکنالوجی اور توسیعی منصوبوں کے ذریعے اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتاہے۔زونگ کے سی ای او ہوو جونلی نے ان ٹیموں کی تعریف کی جنہوں نے اس توسیع کو ممکن بنایا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں فورجی سروسز کو فعال کرکے زونگ فورجی نہ صرف کنیکٹیویٹی کے خلا کوپر کر رہا ہے بلکہ ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب پاکستان کے سفر کو بھی بڑھا رہا ہے۔ یہ قدم بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کو بڑھانے میں ہمارے کردار کو مزید تقویت دیتا ہے کیونکہ ہموار مواصلات اقتصادی ترقی، سرحد پار تجارت اور علاقائی انضمام کی کنجی ہے۔

ہمیں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے، سیاحت کو سپورٹ کرنے اور پاکستان سمیت خطے کے روشن اور زیادہ مربوط مستقبل میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان میں جدید مواصلاتی نیٹ ورکس کی تعیناتی میں اہم کردار ادا کرنے پر زونگ فورجی کے اسٹریٹجک پارٹنرز، سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔

گلگت بلتستان کے لوگوں تک ڈیجیٹل سروسز پہنچانے کے لیے زونگ کایہ عزم، قومی ڈیجیٹل ایجنڈے کی حمایت اور پا کستان کے تمام علاقوں میں جامع کنیکٹوٹی کے لیے کمپنی کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔